کراچی‘ کورنگی میں10 سالہ بچے سے زیادتی‘ تشدد‘ لاش کار سے برآمد


کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد کے علاقے زمان ٹاؤن گورنگی نمبر تین میں زیادتی اور تشدد کے بعد قتل ہونے والے 10سالہ ذہنی معذور بچے کی نماز جنازہ گزشتہ روز گھر کے قریب بعد نماز ظہر ادا کی گئی جبکہ  کورنگی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔ پولیس نے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔ مقتول کے والد اور ماموں کا کہنا تھا کہ حسین ذہنی طور پر معذور تھا اور وہ جمعے کو دن بارہ بجے سے لاپتہ تھا جسے انھوں نے ہر جگہ تلاش کیا لیکن اس کا کچھ پتہ نہ چل سکا۔ بعدازاں اس کی لاش گھر سے کچھ فاصلے پر کھڑی کار سے ملی۔ اس حوالے سے پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ نے بتایا کہ نوعمر لڑکے کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا جبکہ جسم پر تشدد کے نشانات بھی پائے گئے۔ تاہم پوسٹ مارٹم میں ڈی این اے سمیت دیگر نمونے حاصل کرلیے جن کی رپورٹ آنے کے بعد صورتحال مزید واضح ہو جائیگی۔ پولیس نے بتایا کہ کار میں لڑکے کی لاش پچھلی سیٹ پر پڑی تھی جس کے بعد گاڑی کے مالک شہزاد نے مدد گار 15پر اطلاع دی تھی  جسے ابتدائی طور پر پولیس نے پوچھ گچھ کے لیے اپنی تحویل میں لے لیا تھا ‘ بعد ازاں پابند کر کے چھوڑ دیا۔ پولیس نے تفتیش کے لیے اسٹینڈ کے چوکیدار کو بھی حراست میں لیا ہے۔ پولیس نے مقتول کے والد میزان کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل اور اغوا سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ ایس ایس پی کورنگی نے بتایا کہ گاڑی کے مالک اور چوکیدار کا ڈی این اے ٹیسٹ بھی کیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن