رینجرز کیڈٹ کالج چکری ترقی کی نئی منازل طے کر رہا ہے، نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں اپنی مثال آپ ہے، یوم والدین کی تقریب سے خطاب 

Mar 12, 2023


اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز(پنجاب) میجر جنرل محمد قذافی نے کہا ہے کہ آج کے نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، ملکی ترقی اور استحکام کے لئے نوجوانوں کی کردار سازی پر توجہ مرکوز کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، رینجرز کیڈٹ کالج چکری اس لحاظ سے بہت اہمیت کا حامل تربیتی ادارہ بن چکا ہے کہ یہاں ملک کے طول و عرض سے نوجوان کیڈٹ تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ وہ گزشتہ روز رینجرز کیڈٹ کالج چکری میں پہلی سالانہ یوم والدین تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ رینجرز کیڈٹ کالج چکری ملک بھر کے مایہ ناز کیڈٹ کالجز میں سے ایک ہے جوکہ نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں اپنی مثال آپ ہے۔ رینجرز کیڈٹ کالج چکری ترقی کی نئی منازل طے کر رہا ہے، تقریب میں ملک بھر سے کیڈٹس کے والدین اور عزیزواقارب نے شرکت کی،نوجوان کیڈٹس نے ڈریل، فزیکل ٹریننگ ، جمناسٹک اور ٹائیکوانڈو کے شاندار مظاہرے پیش کئے،مہمان خصوصی میجر جنرل محمد قذافی نے نصابی، ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس اور ہاﺅسز میں شیلڈز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ کیڈٹ قاسم شہزاد نے سال کے بہترین کھلاڑی اور کیڈٹ سعد سلطان نے تعلیم میں بہترین کارکردگی کی ٹرافی وصول کی جبکہ کیڈٹ احمد علی طارق سال کے بہترین کیڈٹ قرار پائے۔ ''چمپئن ہاﺅس ٹرافی'' سرسید ہاس نے حاصل کی جسے کیڈٹ محمد اویس اور کیڈٹ شہودعلی زیدی نے وصول کیا۔ ٹیبل ٹینس چیمپئن کا اعزاز کیڈٹ فہد ستار کے حصے میں آیا اور انہیں گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ مہمان خصوصی نے کالج میں رائڈنگ کلب کے قیام کا اعلان کیا۔

مزیدخبریں