پنجاب میں سٹرابری کی پیداوار میں اضافہ ہو ا ہے،ترجمان آری


فیصل آباد (یو این پی)ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے بتایا کہ پنجاب میں سٹرابری کی پیداوار میں اضافہ ہو ا ہے جبکہ مذکورہ پرکشش، خوبصورت، ذائقہ دار پھل وٹامن سی کے حصول کااہم ترین ذریعہ اور بے شمار غذائی و طبی خصوصیات کاحامل ہے لہٰذا باغبان و کاشتکار بھر پور مالی منفعت حاصل کرنے کیلئے سٹرابری کی کاشت کو مزید فروغ دیں تاکہ مذکورہ پھل کی طلب کو پورا کرنے میں مدد مل سکے۔انہوں نے بتایاکہ جہاں سٹرابری کے پھل کو موسم گرما کے دوران انتہائی پسندیدگی سے کھایاجاتاہے وہیں اس کی دیگر مصنوعات جام، جیلی، مربہ، چٹنی تیارکرکے اسے بیرون ممالک برآمد بھی کیاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ سٹرابری وٹامن سی کے حصول کا اہم ترین ذریعہ ہے جس کے100گرام پھل میں 52سے64ملی گرام تک وٹامن سی پایاجاتاہے۔انہوں نے بتایاکہ اگرچہ پسرور، سیالکوٹ، گجرات، جہلم، راولپنڈی، اسلام آباد، وادی سون سکیسر، خوشا ب، سرگودھا، لاہور، قصور، شیخوپورہ اور بعض دیگر اضلاع میں رواں سال سٹرابری کی پیداوار میں 25سے30 فیصد تک اضافہ ہواہے تاہم اس میں مزیداضافہ کی گنجائش موجود ہے۔انہوں نے کہاکہ سٹرابری کے پھل کی زیادہ سے زیادہ پیداوار سے ملکی ضروریات پوری کرنے کے علاوہ اس کی تیارکردہ مصنوعات برآمد کرکے قیمتی زرمبادلہ کاحصول بھی یقینی بنایاجاسکتاہے۔

ای پیپر دی نیشن