برف سے ڈھکے برزل پاس کو کھول دیا گیا

پاک افواج نے گلگت کے قریب برف سے ڈھکے برزل پاس کو آمدورفت کیلئے کھول دیا ہے۔ اہل علاقہ نے اس احسن اقدام پر پاک افواج کا شکریہ ادا کیا ہے۔گلگت سے ایک سو اٹھہتر کلومیٹر دور واقع برزل پاس پاک آرمی اور عوام دونوں کے لیے ہی اہم گزرگارہ ہے۔ سطح سمندر سے تیرہ ہزار آٹھ سو آٹھ فٹ بلند برزل پاس اکتوبر سے اپریل تک برف سے ڈھکا رہتا ہے۔اس سال یہ پاس جنوری اور فروری کے لیے بند ہوا تھا، جس کے بعد پاک افواج کے جوانوں نے رات دن کی انتھک محنت سے برف سے ڈھکے برزل پاس کو عوام کے لیے کھول دیا ہے۔جوانوں نے یہ کام منفی تیس ڈگری سینٹی گریڈ کے سرد موسم میں بھی بخوبی سرانجام دیا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی یہ کاوش سنہری حروف سے لکھنے کے قابل ہے، جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔برزل پاس سے ہر سال پچاس سے ساٹھ ہزار گاڑیوں کا گزر ہو تا ہے۔ علاقے کے اکسٹھ گاؤں کی پندرہ ہزار آبادی کے لیے صرف ایک یہ ہی راستہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن