سعودیہ ایران معاہدہ خطے میں قیام امن کیلئے انتہائی اہم قدم ہے: امیر کویت

Mar 12, 2023 | 21:22

ویب ڈیسک

امیر کویت نے ایران اور سعودی عرب کے سربراہان کو الگ الگ پیغام ارسال کیا اور تہران-ریاض کے مابین ہونے والے معاہدے کو خطے میں امن و استحکام کے قیام میں ایک اہم قدم قرار دیا۔کویت کے امیر نواف الأحمد الجابر الصباح  نے خادم الحرمین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو اپنا الگ الگ پیغام ارسال کیا۔ کویت کے امیر نے ریاض-تہران معاہدے کے تینوں فریق ایران، سعودی عرب اور چین کی جانب سے صادر کئے گئے مشترکہ بیان پر مبارک باد دی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور سفارت خانوں کو دوبارہ کھولنے کا ذکر کیا گیا تھا۔نواف الأحمد الجابر الصباح نے اس معاہدے تک پہنچنے کے لئے ایران اور سعودی عرب کی باہمی کوششوں اور دلچسپی کو سراہا۔ انہوں نے اسے خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے لئے اہم قدم قرار دیا اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعاون میں اضافے کی شرح کو دو اقوام کے مشترکہ مفاد میں شمار کیا۔

یاد رہے کہ سعودی عرب اور ایران نے حالیہ جمعے کے روز دو طرفہ معاہدے کا اعلان کیا۔ سعودی عرب کی جانب سے یک طرفہ طور پر ایران کے ساتھ جنوری 2016ء سے سفارتی تعلقات منقطع کر لئے گئے تھے۔ جس کے بعد اپریل 2021ء میں دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی سطح پر بات چیت کا آغاز کر دیا گیا تھا، جس کے چار دور گذشتہ سال منعقد کئے گئے تھے۔عراقی وزیر خارجہ فواد حسین کے مطابق گفتگو کا فریم ورک دونوں ممالک کے سکیورٹی اداروں کے درمیان تھا۔ ان مذاکرات کا پانچواں دور مئی 2022ء میں انجام پایا۔

مزیدخبریں