سری نگر(کے پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر کو حل کرنے سے بھارت کے انکارنے کشمیری عوام کے سیاسی اور قانونی حقوق اور پورے جنوبی ایشیا کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ علاقہ ہے جس کے مستقبل کا فیصلہ بین الاقوامی نگرانی میں رائے شماری کے ذریعے کشمیری عوام کو کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت وحشیانہ ہتھکنڈوں کا سہارا لے کر کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو نہیں دبا سکتا کیونکہ وہ بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد کے لئے پرعزم ہیں۔ جبکہ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں واقع فوڈ سول سروسز اینڈ کنزیومر افیئر ڈپارٹمنٹ کا دفتر آتشزدگی کے ہولناک واقعے میں خاکستر ہو گیا ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے نریندر مودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیریوں کی شناخت مٹانے اور ان کی امنگوں کو دبانے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے اتحاد واتفاق کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے کے عوام کے حقوق کے لیے اجتماعی آواز اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن (PAGD)میں دراڑ کی خبروں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے 2019 سے پہلے بھی اوراس کے بعد بھی سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے کی کوششیں کیں۔
مقبوضہ کشمیر: بھارت وحشیانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکتا: حریت کانفرنس
Mar 12, 2024