نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کو سماجی پلیٹ فارم ایکس پر بھونڈا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے ایک سے زیادہ آزادانہ طور پر ٹارگٹ ایبل ری انٹری وہیکل ایم آئی آر وی ٹیکنالوجی کے ساتھ مقامی طور پر تیار کردہ میزائل کا پہلا فلائٹ ٹیسٹ کامیابی کے ساتھ کر لیا۔ بھارتی سائنسدانوں نے ٹیکنالوجی کو مربوط کیا ہے جو اگنی فائیو پلیٹ فارم پر ایک ہی میزائل سے فائر کئے گئے مختلف اہداف تک متعدد وار ہیڈز فراہم کرتی ہے اور یہ بھارت کی جوہری صلاحیت کے حامل اگنی میزائل سیریز کا تازہ ترین میزائل ہے۔ اگنی فائیو کی رینج 5 ہزار کلومیٹر ہے جو اسے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کی طویل فاصلے تک مار کرنے والے کیٹیگری کیلئے بھارت کا واحد میزائل بناتی ہے۔ ایم آئی آر وی کو ملک کے ملٹری ریسرچ ادارے ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن نے تیار کیا ہے۔