چاہتی ہوں ہر شہری کے پاس چھت ہو، حکومت کو بوجھ اٹھانا ہو گا: مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کم آمدن والے افراد کے لیے گھر کی قسط ممکنہ حد تک کم کرنے اور اضلاع میں گھروں کی تعمیر کے لئے اراضی کی نشان دہی کی ڈیڈ لائن مقرر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے گھر کی لاگت میں کمی کے لئے اقدامات کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس  ہوا جس میں ایک لاکھ گھر کے پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے کم آمدن والے لوگوں کے لئے سکیم سے متعلق امور سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ چاہتی ہوں، پنجاب میں کوئی بے گھر نہ ہو، ہر شہری کے پاس اپنی چھت ہو، عوام کیلئے سستے گھروں کی فراہمی ہمارے منشور کا حصہ ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر رمضان نگہبان پیکج کی ڈیجیٹل مانٹیرنگ کی جا رہی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ تیار کر کے وزیراعلیٰ آفس کو پیش کی جائے گی۔ اب تک 10لاکھ سے زائد گھرانوں کو رمضان نگہبان پیکیج کی ترسیل مکمل کی گئی ہے۔ رمضان نگہبان پیکیج کے 64 لاکھ 79ہزار گھرانوں میں سے 48لاکھ 70 ہزار گھرانوں کے نام اور پتہ کی تصدیق بھی مکمل کر لی گئی ہے۔ پنجاب بھر میں رمضان نگہبان پیکیج کے لئے مستحق قرار پانے والے 47 لاکھ گھرانوں کے ایڈریس کی تصدیق کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ 10روز میں صوبے بھرکے1271 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 417162 مقامات کی چیکنگ کی جس کے مطابق10879 دکاندار اور تاجر اوور چارجنگ میں ملوث پائے گئے۔ 10روز میں اوورچارجنگ کرنے والے دکانداروں اور تاجروں کو دوکروڑ 87لاکھ روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے۔ 755 ایف آئی آر رجسٹرڈ کی گئی جبکہ 2153 گرانفروش گرفتار ہوئے۔ صوبے بھر میں گزشتہ روز 1271 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 2479 مقامات پر چیکنگ کی۔ گزشتہ روزگرانفروشی پر 16لاکھ 28 ہزار روپے زائد جرمانے عائد کیے گئے۔ 30 ایف آئی آر درج ہوئیں اور 94لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔ ضلع لاہور میں اب تک سب سے زیادہ 75ہزار سے زائد رمضان پیکیج تقسیم کیے گیے ہیں۔ خانیوال میں دوسرے نمبر پر 70ہزار سے زائد رمضان پیکیج تقسیم کیے گئے جبکہ ڈیرہ غازی خان تیسرے نمبر پر ہے اور 63ہزار سے زائد رمضان پیکیج کی تقسیم مکمل کر لی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے رمضان المبارک کی آمد پر اہل سلام کو مبارکباد د ی ہے۔ پیغام میں کہاکہ رمضان المبارک کی بابرکت ساعتیں نصیب ہونا اللہ کریم کا احسان ہے۔ نگہبان رمضان پیکیج کے تحت سوا تین کروڑ مستحقین کو ان کی دہلیز پر اشیاء خورد و نوش مہیا کی جا رہی ہے۔ ٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں 20ہزار الیکٹرک بائیکس اور 657ماحول دوست اربن بس پراجیکٹ کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کی ہر تحصیل میں طالبات کے لئے سکول بس پراجیکٹ تیار کرنے کا حکم دیا ہے اور طلبہ کے لئے ایڈوانس کی رقم کم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس  ہوا جس میں شہریوں کی سہولت کیلئے ٹرانسپورٹ پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کی تکلیف کا ازالہ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ عوام معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، حکومت کو بوجھ اٹھانا ہو گا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور بہاولپور سمیت دیگر شہروں میں ڈیزل ہائبرڈ ری جنریٹڈ بسیں چلائی جائیں گی۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ 9مئی سے بائیک پراجیکٹ کو لانچ کر دیا جائے گا اور مئی میں ہی ڈلیوری شروع ہو جائے گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے بڑے شہروں میں آمد ورفت کی بہترین سہولتوں کیلئے 657بسوں کی فراہمی کے پلان کی منظوری دے دی اور وزیر ٹرانسپورٹ کو مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔ مریم نوازشریف سے پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں میاں عامر محمود، شکیل مسعود، سلطان علی لاکھانی اور ناز آفرین سہگل شامل تھیں۔ وفد کے عہدیداروں نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن نے مریم نواز شریف کی وزارت اعلیٰ کو خوش آئند قرار دیا۔ ملاقات میں حکومت پنجاب اور الیکٹرانک میڈیا کے روابط پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن کی تجاویز پر غور کی یقین دہانی کرائی۔ مریم نواز  نے اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی کی اہلیہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سوگوار خاندان سے تعزیت و دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن