راولپنڈی( سٹا ف رپو رٹر ) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق کاشتکاروں کو مقررہ نرخوں پر کھادوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔کھادوں کی اوور چارجنگ اور غیر معیاری کھادوں کے دھندے میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عملدرآمد کیا جائے اور انہیں قانون کے مطابق فوری کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔ان خیالات کا اظہار وزیر زراعت پنجاب سید محمد عاشق حسین کرمانی نے زراعت ہاس کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) پنجاب ڈاکٹر اشتیاق حسن نے صوبائی وزیر زراعت پنجاب کو جاری سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موجودہ سال اب تک 294 کھادوں کی اوور چارجنگ جبکہ109 غیر معیاری زرعی ادویات کے سیمپل رپورٹ ہوئے جس پر اس میں ملوث208 ڈیلرز کو حوالہ پولیس کیا گیا جبکہ 10 ہزار7 سو14 غیر معیاری کھادوں کی تھیلوں کو ضبط کیا گیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ اس دھندے میں ملوث افراد کو فوری کیفرِ کردار پہنچانے کیلئے گرفتاری کا عمل یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کو آن بورڈ لیا جائے۔وزیر زراعت پنجاب سید محمد عاشق حسین کر مانی نے کہا کہ ڈیلرز کی رجسٹریشن و لائسنس کے اجرا کیلئے نیا قانون متعارف کروایا جا رہا ہے جس کے تحت کاشتکاروں کے مسائل میں واضح کمی واقع ہو گی۔اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب نے ڈائریکٹر جنرل زراعت(توسیع) سے ہر ضلع میں "کپاس کی بحالی "کے مشن کیلئے پلان طلب کر لیا ۔