واپڈا نے ہائیڈرو پاور پلانٹس کے آلات پر مشتمل ہائیڈل میوزیم قائم کر دیا 

اسلام آباد(خبرنگار)واپڈا نے ہائیڈرو پاور پلانٹس کے آلات پر مشتمل ہائیڈل میوزیم قائم کر دیا ہے۔ میوزیم کے قیام کا مقصد واپڈا پن بجلی گھروں کے شاندار ورثہ کا تحفظ اور نمائش ہے۔ یہ میوزیم تربیلا چوتھے توسیعی پن بجلی گھر میں قائم کیا گیا ہے۔ میوزیم میں جبن، وارسک، تربیلا، رینالہ، کرم گڑھی اور چترال پن بجلی گھروں کے تاریخی اور منفرد الیکٹرو مکینکل آلات اور مشینری کو رکھا گیا ہے۔ علاوہ ازیں 1937میں تعمیر کئے گئے جبن ہائیڈل پاور سٹیشن کے ماڈل کے علاوہ تربیلا ڈیم کے ماڈل کو بھی میوزیم کی زینت بنایا گیا ہے ممبر(پاور)واپڈا جمیل اختر نے واپڈا ہائیڈل میوزیم کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب میں جنرل منیجر ہائیڈل (ڈویلپمنٹ)احسان اللہ، جنرل منیجر(پاور)تربیلا نصرمن اللہ، جنرل منیجر تربیلا ڈیم پراجیکٹ انور شاہ، چیف انجینئر(او اینڈ ایم)  تربیلا فورتھ ایکسٹینشن ہائیڈل پاور سٹیشن محمد طارق، چیف انجینئر تربیلا فورتھ ایکسٹینشن ہائیڈل پاور سٹیشن تریش کمار، چیف انجینئر(پاور)تربیلا نسیم خان اور واپڈا کیڈٹ کالج تربیلا کے پرنسپل بریگیڈیئر (ریٹائرڈ)رفاقت اسلام بھی شریک تھے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر(پاور)نے کہا کہ واپڈا ہائیڈل میوزیم ملک کے سب سے بڑے بجلی گھر تربیلا ڈیم پر قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربیلا اپنی افادیت کے حوالے سے ترقیاتی منصوبوں کا رول ماڈل ہے اور یہ بات ہم سب کے لئے باعث ِ فخرہے۔ واپڈاہائیڈل میوزیم کے قیام کو اہم قدم قرار دیتے ہوئے انہوں نے واپڈا پن بجلی کے اثاثوں کو میوزیم میں محفوظ بنانے پر جنرل منیجر (پاور)تربیلا، چیف انجینئر(او اینڈ ایم)تربیلافورتھ ایکسٹینشن ہائیڈل پاور سٹیشن اور ان کی ٹیم کی  تعریف کی۔

ای پیپر دی نیشن