لاہور (خبرنگار) انسداد منشیات عدالت منڈی بہائوالدین کے جج رحمن یعقوب عرفانی نے منشیات کیس کے ٹرائل میں تاخیر پیدا کرنے، عدالت سے جھوٹ بولنے پر گواہ سب انسپکٹر اشرف کاٹھیا کو 6 ماہ قید کی سزا سنادی۔ سب انسپکٹر نے عدالت آنے سے نہ صرف انکار کیا بلکہ توہین آمیز رویہ اپنا کر شوکاز نوٹس جاری کروانے کا کہا۔ عدالت نے قرار دیا کہ ملزم سب انسپکٹر کا رویہ مس کنڈکٹ، انتہائی توہین آمیز، باغیانہ، عدالتی کارروائی کی توہین کرنے کے مترادف ہے۔ ملزم سب انسپکٹر کے شوکاز نوٹس جواب میں عدالت پیش نہ ہونے کی مناسب وضاحت نہیں کی گئی۔ ملزم پولیس افسر صبح کے وقت عدالت میں موجود تھا اور جب شوکاز نوٹس کی روشنی میں سزا سنائی گئی تب اشرف کاٹھیا عدالت سے غائب تھا۔ ڈی پی او منڈی بہائوالدین اپنے سب انسپکٹر کو گرفتار کر کے جیل منتقل کرے۔