اسلام آباد(این این آئی)پاکستان نے اقوام متحدہ سے قرضوں کی پائیداری کے مسائل سے نمٹنے میں ترقی پذیر ممالک کی مدد کے لیے اپنے عزم کو مضبوط کرنے کی گزارش کی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے اس بوجھ کو صنفی مساوات اور موحولیاتی تبدیلی کی کاوشوں میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے ان پیچیدہ معاملات پر معاونت بڑھانے کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے گروپ آف فرینڈز آن جینڈر پیریٹی کے زیرِ اہتمام ایک تقریب میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے قرضوں کی پائیداری، ماحولیاتی فنانس اور غیر ملکی قبضے والے علاقوں میں خواتین کی حالت زار کے درمیان اہم تعلق کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ قرض کی ادائیگی بہت سے ترقی پذیر ممالک کے لیے ایک اہم مسئلہ بنی ہوئی ہے کیونکہ وہ موسمیاتی تبدیلی اور قرضوں کے بوجھ کے دوہری چیلنجوں سے نبرد آزما ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قرض کی پائیداری کے ساتھ موسمیاتی فنانس کی ضرورت کو متوازن کرنے کے لیے جدید فنانسنگ میکانزم کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ موسمیاتی مالیات کو قرض سے نجات کی حکمت عملیوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنے سے، ترقی پذیر ممالک موسمیاتی کارروائی کو آگے بڑھاتے ہوئے اور زیادہ پائیدار اور لچکدار مستقبل کی تعمیر کر سکتے ہیں اور اپنی مالی ذمہ داریوں کو بہتر طریقے سے سنبھال سکتے ہیں۔منیر اکرم نے دلیل دی کہ یہ ترقی پذیر ممالک کو بااختیار بنائے گا کہ وہ اپنی مالی ذمہ داریوں کو مثر طریقے سے سنبھال سکیں اور ساتھ ہی ساتھ موسمیاتی کارروائی کو آگے بڑھاتے ہوئے ایک پائیدار مستقبل کو فروغ دیں۔بالخصوص بھارت کے زیرِ تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین میں غیر ملکی قبضے کے تحت خواتین کو درپیش چیلنجوں کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے، سفیر منیر اکرم نے انتظامی جبر سے لے کر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں تک کی مشکلات کا خاکہ پیش کیا۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان حالات میں خواتین کو تشدد، استحصال اور امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اور ان کے حقوق اکثر استثنی کے ساتھ پامال ہوتے ہیں۔