محتسب پنجاب نے 35 ہزار درخواستیں نمٹائیں‘ 15.8 بلین کی اراضی واگزار 

Mar 12, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) دفتر محتسب پنجاب نے صوبائی محتسب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی سربراہی میں سال 2023ء میں کل 35202 شکایات نمٹائی ہیں۔ عوامی شکایات پر موثرکارروائی کے نتیجے میں شکایت کنندگان اور صوبائی حکومت کو مجموعی طور پر 22.5بلین روپے کا ریلیف ملاجس میں سے 15.8بلین روپے مالیت کی 26,229کنال سرکاری اور نجی اراضی کو واگزار کروایا گیا جبکہ شکایت کنندگان کو حاصل ہونے والے مالی ریلیف کی کل مالیت 6.7بلین روپے ہے۔ یہاں جاری ایک بیان میں ترجمان نے بتایا کہ 2023ء میں موصولہ اور نمٹائی جانے والی شکایات کی تعدادگزشتہ کسی بھی سال کی شکایات کی تعداد سے زیادہ ہے جو دفتر محتسب پنجاب پر عوام کے اعتماد کا ثبوت ہے۔ 2023ء میں پولیس کے خلاف7212، لوکل گورنمنٹ 5980، ریونیو 5678، پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر 2531، سکول ایجوکیشن1961 اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے خلاف 1563 شکایات موصول ہوئیں۔ دفتر محتسب پنجاب کے حکم پر 2023ء میں 119 سائلین کو پنجاب سول سرونٹس (تقرری و شرائط  ملازمت) رولز مجریہ 1974 کے قاعدہ 17 اے کے تحت سرکاری محکموں میں ملازمتیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ 1996ء سے2023ء تک 27 سال میں موصول ہونے والی کل شکایات 415,345 میں سے  541,412شکایات کو نمٹایا گیا جس سے عوامی مسائل کے حل کا مجموعی ڈسپوزل ریٹ 99.32فیصد رہا۔

مزیدخبریں