لاہور (خبرنگار) ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے نگران حکومت کی سکیم "اب گاوٗں چمکیں گے" اور تبادلوں کیخلاف درخواست پر سماعت نئی کابینہ کے فیصلے تک ملتوی کر دی۔ درخواست گزار عبدالرحمان سمیت 31 سیکرٹری یونین نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ نگران حکومت کی جانب سے کوئی سکیم بنانا غیر قانونی ہے، نگران حکومت کا کام انتخابات تک معاملات کو چلانا ہے، نگران حکومت نے نئی سکیم کے تحت سیکرٹری یونین کو دور دراز تبادلے کر دیئے۔ عدالت جاری سکیم روکنے کے ساتھ تبادلوں پر عملدرآمد روکنے کا حکم دے۔ سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا پنجاب میں نئی حکومت آچکی ہے، "اب گاوٗں چمکیں گے" سکیم کو "صاف ستھرا پنجاب" میں ضم کر دیا گیا ہے، نئی سکیم کے حوالے سے کابینہ نے ابھی کوئی فیصلہ جاری نہیں کیا۔