پشاور(آئی ا ین پی ) خیبر پی کے میں مساجد اور عبادگاہوں کے سولارائزیشن منصوبے میں مدارس کو بھی شامل کردیا گیا۔ صوبہ بھر کے 1500 رجسٹرڈ دینی مدرسوں کو منصوبے میں شامل کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پی کے میں مساجد اور عبادگاہوں کے سولارائزیشن منصوبے توسیع کرتے ہوئے منصوبے میں مدارس کو بھی شامل کردیا گیا اور منصوبے کے تحت صوبہ بھر کے 1500 رجسٹرڈ دینی مدرسوں کو منصوبے میں شامل کیا جائے گا۔ وزیراعلی خیبرپی کے علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ انرجی اینڈ پاور کے اجلاس میں متعلقہ حکام کو دینی مدارس کو سولارائزیشن منصوبے میں شامل کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ منصوبے میں تمام اضلاع سے مدرسوں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے، مدرسوں کو شمسی توانائی فراہم کرنا ضروری ہے، تونائی کے منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت قبول نہیں، منصوبے مقررہ مدت تک مکمل نہ کرنے والے ٹھیکیداروں پر جرمانے عائد کئے جائیں۔ وزیراعلی خیبرپی کے نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے ترجیحات کا تعین کیا جائے، صوبے کے لئے آمدن کا ذریعہ بننے والے منصوبوں کی تکمیل کو پہلی ترجیح دی جائے۔
خیبر پی کے میں مساجد کے سولارائزیشن منصوبے میں مدارس بھی شامل
Mar 12, 2024