سینٹ لوسیا (وقت نیوز + ریڈیو مانیٹرنگ) ٹونٹی 20 ورلڈ کپ میں سپر ایٹ مرحلے کے گروپ ایف کے ایک میچ میں زبردست اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا نے بھارت کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا جبکہ بھارت ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے بھی باہر ہو گیا۔ اس سے پہلے دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اووروں میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے تھے اور سری لنکا کو میچ جیتنے کے لئے 164 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔ گوتم گھمبیر نے 32 گیندوں پر 41 رنز بنائے‘ رائنا نے 47 گیندوں پر 63 رنز بنائے جبکہ کپتان دھونی 19 گیندوں پر 23 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔ سری لنکا کے تھوشارا اور ملنگا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں ابتدا میں سری لنکا نے صرف 6 رنز پر دو وکٹیں گنوا دیں تاہم اس کے بعد محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا اور مقررہ ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ میتھیوز 46 رنز بنا کر رن آﺅٹ ہوئے تاہم کیپوگیدرا نے آخری گیند پر چھکا مار کر 16 گیندوں پر 37 سکور بنائے اور ٹیم کو کامیابی سے بھی ہمکنار کرا دیا۔