خضدار (ثنا نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کے ضلع خضدار میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو لیویز اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ لیویز ذرائع کے مطابق مال روڈ پر واقع صمد چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 2 لیویز اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ واقعہ کے بعد لیویز کے اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لئے علاقہ کی ناکہ بندی کر دی گئی۔ حملہ آور اہلکاروں سے اسلحہ چھین کر فرار ہو گئے۔ فورسز نے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ علاوہ ازیں خضدار کے عیدگاہ چوک پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا جس سے 15افراد زخمی ہو گئے جن کو طبی امداد کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔