اسلام آباد + لاہور (ثناء نیوز + این این آئی) مجلس وحدت المسلمین نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کا سال مکمل ہونے پر اور ٹارگٹ کلنگ کیخلاف ملک بھر میں یوم سیاہ منایا۔ اسلام آباد میں فیض انٹرچینج پر کارکنوں نے مظاہرہ کیا جس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ امین مشہدی، علامہ اصغر عسکری اور دیگر نے کہا کہ 11 مئی 2013ء ملکی تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے، جس دن جمہوریت کے نام پر موجودہ حکمران انجینئرڈ الیکشن کے ذریعے اقتدار پر قابض ہوئے۔ نواز شریف نے ایک سال کے دور حکومت میں ملک کو مذاکرات کے نام پر طالبان کے حوالے کردیا، وطن عزیز میں بڑھتی ہوئی امریکی و سعودی مداخلت نے ہماری سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے ، پاک فوج ملکی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے دہشت گردوں کیخلاف فی الفور آپریشن کا آغاز کرے۔ انہوں نے کہا آج توانائی کا بحران بدترین سطح پر پہنچ گیا ہے اور ستم یہ پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو بھی عالمی طاقتوں کے دباؤ میں آ کر پس پشت ڈال دیا گیا۔ انہوں نے کہا اداروں کے درمیان تصادم کی فضا ہے جبکہ خود حکومتی صفوں میں گروہ بندی عروج پر ہے۔ لیپ ٹاپ سکیم اور یوتھ فیسٹیول کے نام پر کرپشن اور سیاسی رشوت کا بازار گرم ہے، ایسے حالات میں کوئی بھی محب وطن خاموش نہیں رہ سکتا۔ دریں اثناء لاہور میں پریس کلب لاہور کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔ علامہ امتیاز کاظمی اور دیگر مقررین نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے پاکستانی عوام کے قاتلوں کو گلے سے لگایا اس وقت ملک دہشت گردوں کی جنت بن چکا ہے، عوام کو اس وقت دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا۔ عوامی جدوجہد کو ملک بھر میں جاری رکھیں گے۔
انتخابی دھاندلی، ٹارگٹ کلنگ کیخلاف مجلس وحدت المسلمین کے ملک بھر میں مظاہرے
May 12, 2014