ہمیشہ مخالفین کا میدان میں مقابلہ کیا، ملک چھوڑ کر نہیں جائوں گا: مشرف

May 12, 2014

لاہور (آئی این پی) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویزمشرف نے کہا ہے میں نے ہمیشہ مخالفین کا میدان میں مقابلہ کیا ہے اور اب بھی ملک چھوڑ کر کہیں نہیں جائوںگا بلکہ مخالفین کا ڈٹ کر مقابلہ کروںگا۔ مجھے پاکستان کے مفادات سب سے زیادہ عزیز ہیں‘ میرے خلاف جھوٹا پراپیگنڈا کرنیوالوں کے ہاتھوں میں ناکامی کے سوا کچھ نہیں آئے گا۔ تمام جھوٹے مقدمات سے بری ہو رہا ہوں، سیاسی مخالفین کا مقابلہ کروں گا۔ یوتھ ونگ کے صوبائی آرگنائزر چودھری الیاس گجر اور دیگر سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے پرویزمشرف نے کہا جب تک ملک سے دہشت گردی اور کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوتا ملک کی ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا میں اللہ کے سوا کسی سے خوف زدہ ہونے والا نہیں اور جو لوگ مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنا کر خوفزدہ کرنا چاہتے ہیں وہ اپنے عزائم میں کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہوں گے۔

مزیدخبریں