کراچی (این این آئی) تحریک جوانان پاکستان( ٹی جے آئی) کے سر پرست اعلیٰ جنر ل (ر) حمید گل نے کہا ہے کہ ملک میں مارشل لاء کا کوئی امکان نہیں لیکن نجی ٹی وی کے مسئلے کے بعد وزیر اعظم کو جی ایچ کیو جانے کے لئے خود فیصلہ کر نا ہوگا۔ ملک کا موجودہ نظام فرسودہ ہوچکا ہے جس میں عوام کے مسائل حل نہیں ہو سکتے، نئے نظام کے لئے نوجوانوں کو با ہر نکلنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کراچی پریس کلب میں سیمینار سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیمونزم کے خاتمے کے بعد اب کیپٹل ازم کا نظام ڈوب رہا ہے دنیا کو ایک نئے نظام کی ضرورت ہے اور وہ نظام قرآن پاک میں موجود ہے۔ نئے نظام کی آمد بہت قریب ہے ہم صرف رہنمائی کر کے نوجوانوں کو راستہ دیکھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نہ بکنے والے تھے اور نہ جھکنے والے تھے انہوں نے مسلمانوں کے لئے الگ ملک بنایا تو ان سے بڑا کوئی مسلمان نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نیو کلیئر ٹیکنالوجی میں صلاحیت کے لحاظ سے پاکستان پانچواں ملک ہے۔ بھٹو نے کہا تھا کہ ہم گھاس کھائیں گے لیکن ایٹم بم بنائیں گے بھٹو لیڈر تھے اور لیڈر میں یہ عزم ہوتا ہے۔ ہندوستان سے ہجرت کرنے والے مہاجر نہیں بلکہ تخلیق پاکستان کا ہراول دستہ تھے۔ ہم سے یہ غلطی ہوئی کہ ہم نے ان کو مہاجروں کا لقب دیا اب وقت آگیا ہے ان کو مہاجر نہ کہا جائے بلکہ ہم سب پاکستانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نجی ٹی وی نے بہت غلط کیا۔ جو جوان سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں ان کے ساتھ ایسا نہیں ہو نا چاہیے۔ ہمیں پاکستانی فوج کے ڈسپلن کو قائم رکھنا چاہیے کیا کبھی ایسا ہوا کہ کسی ہندو صحافی نے کشمیر میں ہونے والی بر بریت دکھائی ہو۔ حامد میر کے ساتھ ہمدردی ہے لیکن انہوں نے بھی بلوچستان کے مسئلے پر بہت کچھ کیا تھا۔ ہمیں ایسی امن کی آشا قبول نہیںہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان حامد میر کی عیادت کے لئے گئے اچھی بات ہے لیکن ان کو جی ایچ کیو بھی جانا چاہیے تھا۔
مارشل لاء کا امکان نہیں، فرسودہ نظام بدلنے کیلئے نوجوانوں کو باہر نکلنا ہوگا: حمید گل
May 12, 2014