پنجاب حکومت گڈ گورننس میں پہلے نمبر پر، ٹیکس وصولی میں76 فیصد پوائنٹس لئے

May 12, 2015

لاہور(خصوصی رپورٹر)پلڈاٹ سروے میں چاروں صوبوں میں گڈ گورننس کے لحاظ سے پنجاب کو سرفہرست قرار دیا گیا ہے۔ چاروں صوبائی حکومتوں کی طرف سے فراہم کردہ ڈیٹا کے تجزیے کے بعد گڈ گورننس کے معیار کے مطابق صوبہ پنجاب 42 فیصد پوانٹس حاصل کرکے سرفہرست ہے جبکہ 37 فیصد پوائنٹس کے ساتھ خیبر پی کے حکومت دوسرے جبکہ بلوچستان حکومت اور سندھ حکومت نے 34 فیصد پوائنٹس حاصل کئے ہیں۔ پلڈاٹ سروے میں گورننس کے معیار کا تجزیہ کرتے ہوئے پالیسی سازی اور گورننس کی پالیسیوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ عوام کی طرف سے گورننس کے معیار کی قبولیت کے لحاظ سے پنجاب 48 فیصد پوائنٹس حاصل کر کے سرفہرست ہے۔ جبکہ اس معاملے میں حکومت سندھ کی کارکردگی سب سے کمتر رہی۔ پنجاب حکومت ٹیکس وصولی میں 76فیصد پوائنٹس حاصل کر کے سرفہرست ہے۔ خیبر پی کے حکومت نے 64 پوائنٹس حاصل کئے۔ حکومتی امور میں شفافیت پر پنجاب حکومت 53فیصد پوائنٹس حاصل کر کے سرفہرست جبکہ کے پی کے صوبہ دوسرے نمبر پر ہے۔ پلڈاٹ نے چاروں صوبائی حکومتوں کی گورننس کا جائزہ لینے کے لئے 24مقداری تغیرات مقرر کئے۔ پنجاب حکومت 24مقداری تغیرات میں سے 15میں اول ہے جبکہ خیبر پی کے حکومت صرف دو مقداری تغیرات میں سبقت لے سکی۔ ادھر بلوچستان حکومت انسداد رشوت ستانی‘ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی سمیت 5 مقداری تغیرات میں سرفہرست ہے جبکہ سندھ حکومت نے 24 میں سے 3 مقداری تغیرات میں سبقت حاصل کی جس میں ٹیکنالوجی کا بہتر استعمال‘ انرجی پروڈکشن اور مینجمنٹ وغیرہ شامل ہیں۔

مزیدخبریں