پروموشن کمیٹی نے 22 ویں گریڈ میں ترقی کیلئے افسروں کی فہرست وزیر اعظم کو ارسال کردی

May 12, 2015

اسلام آباد (آن لائن) اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی پروموشن کمیٹی کی جانب سے گریڈ 21 سے گریڈ 22 میں ترقی کی سفارش کئے جانے والے افسرو ں کی حتمی منظوری وزیر اعظم نواز شریف آئندہ چند روز میں دے دیں گے۔ منظوری کے بعد گریڈ 22 کے 4 سے 5 افسران کے تبادلوں کا امکان ہے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے معتبر ذرائع نے آن لائن کو بتایا ہے کہ تین روز تک جاری رہنے والے پروموشن کمیٹی نے 21 سے 22 ویں گریڈ میں ترقی کے لئے جن افسرو ں کی فہرست وزیر اعظم نواز شریف کو بھجوائی ہے اس کی حتمی منظوری آئندہ چند روز میں دے دی جائے گی ۔ ذرائع نے مزید دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد میں 25 جولائی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات اور سی ڈی اے آرڈیننس میں ترمیم کے حوالے سے کہا ہے کہ چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل کو تبدیل کر کے سیکرٹری مواصلات تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ نئے چیئرمین سی ڈی اے کے لئے سکندر سلطان راجہ کا نام زیر گردش ہے۔ یاد رہے کہ سکندر سلطان راجہ وزیر اعظم نواز شریف کے سابق پرنسپل سیکرٹری سعید مہدی کے داماد اور موجودہ ممبر ایڈمنسٹریشن سی ڈی اے عامر علی احمد کے بہنوئی ہیں ۔ واضح رہے کہ نواز شریف کی دو سال قبل حکومت بننے کے بعد سکندر سلطان راجہ کو چیف کمشنر اسلام آباد تعینات کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا تاہم اس وقت ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عامر علی احمد تھے جس کے باعث وزیر اعظم کو ان کے قریبی رفقاء نے اسلام آباد کے انتظامی امور کی دو اہم سیٹوں پر ایک ہی خاندان کے افراد نہ لگانے کا مشورہ دیا تھا۔

مزیدخبریں