کھٹمنڈو (آئی این پی) نیپال میں بین الاقوامی اور غیر سرکاری تنظیموں نے خبردار کیا ہے کہ 25 اپریل کو آنے والے زلزلے سے ہونے والی تباہی کے باعث ہزاروں لڑکیاں اور عورتیں انسانی سمگلنگ کے خطرے سے دوچار ہیں جن کی حفاظت کی طرف خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔عالمی میڈیا کے مطابق انسانی سمگلنگ کے خلاف مہم چلانے والے سرگرم کارکنوں کا کہنا ہے کہ نیپال میں ہزاروں لوگ پناہ اور سامان کے بغیر زندگی گزار رہے ہیں جس کی وجہ سے غریب عورتیں اور لڑکیاں نا امید ہو رہی ہیں اور انسانی سمگلنگ کے خطرے سے دوچار ہو گئی ہیں۔غیر سرکاری تنظیموں کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ گروہ خاص طور پر دیہی آبادیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، اور بعض اوقات عورتوں اور لڑکیوں کو اغوا کرنے یا بہلا پھسلا کر لے جانے کے لیے امدادی کارروائیوں کو بھی استعمال کر رہے ہیں۔