لاہور (نامہ نگار) جنوبی چھائونی کے علاقہ میں نامعلوم درندہ صفت ملزموں نے 11سالہ گھریلو ملازم بچے کو اغوا کے بعد مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا اور پھر اسے تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کرنے کے بعد نعش قبرستان میں پھینک دی اور فرار ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے ڈیفنس، ٹی بلاک کے عقب میں واقع پیراں پنڈ قبرستان میں اہل محلہ نے ایک بچے کی خون میں لت پت نعش دیکھ کر خوفزدہ ہو کر پولیس کو اطلاع کی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش قبضے میں لی اور اس کی شناخت کے لئے مقامی مساجد میں اعلانات کرائے ۔ جس پربچے کی شناخت ہو گئی اور معلوم ہوا بچہ قریب واقع سی بلاک کے ایک گھر میں کام کرتا تھا۔ اس کا نام افضل ہے اور وہ چنیوٹ کا رہائشی تھا۔ اس کا والد غفور چنیوٹ میں ایک مقامی عدالت کے جج کا نائب قاصد ہے۔ پولیس کا کہنا ہے ابتدائی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے نامعلوم ملزم بچے کو اغوا کے بعد یہاں لائے ۔ انہوں نے مبینہ طور پر زیادتی کے بعد پکڑے جانے کے خوف سے بچے کو شہ رگ کاٹ کر قتل کردیا۔ پولیس کا مزید کہنا ہے بچے کے ورثا کو اطلا ع کر دی ہے مزید کارروائی اور مقدمہ کا اندراج ان کے آنے کے بعد ہی ہوگا۔ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرا دی ہے اصل حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گے۔