سعد رفیق کے بارے میں عدالتی فیصلے کا احترام کر تے ہیں: شاہ محمود قریشی

ملتان (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سپریم کورٹ کی جانب سے خواجہ سعد رفیق کے ٹربیونل کے فیصلے کو معطل کرنے کا احترام کرتی ہے تاہم ہم اس فیصلے کیخلاف نظر ثانی کی درخواست دینے کا حق رکھتے ہیں اور ہم سیاسی اور قانونی لڑائی ساتھ ساتھ لڑینگے۔ یہ بات انہوں نے سوموار کی دوپہر الیکشن کمشن ملتان کے دفتر کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں برملا کہتا ہوں کہ چیف الیکشن کمشنر اور سیکرٹری الیکشن کمشنر کا احترام کرتا ہوں ان کا مکمل احترام کروں گا۔ قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمشن آف پاکستان کی ذمہ داری ہے اور میری جماعت بھی اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ملتان سے نااہل ہونے والے صوبائی وزیر جیل خانہ جات پنجاب عبدالوحید آرائیں کی خالی نشست پی پی 196ء پر اکیس مئی کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمشن کی جانب سے ارکان اسمبلی پر اس حلقے میں اپنے امیدوار کی حمایت میں جلسہ نہ کرنے بارے لگائی جانے والی پابندی پر الیکشن کمشن ملتان کو تحریری درخواست دی ہے اور کہا ہے کہ حکومت پنجاب الیکشن کمشن کے اس رولز کی خلاف ورزی کررہی ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک لیٹر جاری کیا ہے جس کے تحت اس حلقے میں ترقیاتی کام کرائے جانے کیلئے حکم دیا ہے جس کا مقصد حکومت پنجاب کی اس حلقے میں مداخلت اور سرکاری ذرائع استعمال کرنا ہے انہوں نے کہا کہ اس لیٹر میں نااہل وزیر ڈی سی او ملتان سی پی او ملتان اور ٹی ایم ایم ملتان کو احکامات جاری کئے گئے ہیں یہ الیکشن رولز کی خلاف ورزی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں الیکشن کمشن سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب کو طلب کرکے اس نوٹیفکیشن کی وضاحت طلب کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمشن نے سابق سی پی او ملتان سلطان چودھری کا تبادلہ منسوخ کردیا تھا مگر وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے الیکشن کمشن کے اس حکم کی تعمیل نہیں کی اور یہ بھی دوسری خلاف ورزی ہے جبکہ اس ضمنی انتخابات میں ملتان سے باہر سے آنے والے ارکان اسمبلی بھی ضمنی انتخابات کی مہم چلا رہے ہیں اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی حمایت کر رہے ہیں۔ میں اس حلقے کا منتخب ایم این اے ہوں وہ مجھے کیسے روک رہے ہیں۔ پی ٹی آئی نے فیصلہ کیا ہے کہ پندرہ مئی کو عمران خان کا ملتان میں جلسہ ریلوے گرائونڈ ملتان میں منعقد ہوگا ہم ڈی ایس ریلوے ملتان سے رابطہ کررہے ہیں مگر وہ ہم سے رابطے میں نہیں ہیں۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...