لاہور (کلچرل رپورٹر) اکادمی ادبیات پاکستان کے زیراہتمام ”ادب اور اہل قلم کا پرامن معاشرے کے قیام میں کردار“ کے موضوع پر دو روزہ قومی کانفرنس یونیورسٹی آف منیجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں شروع ہو گئی۔ افتتاحی اجلاس کی صدارت چیئرمین لاہور آرٹس کونسل اور معروف کالم نگار عطاءالحق قاسمی نے کی۔ چیئرمین اکادمی ادبیات پاکستان ڈاکٹر محمد قاسم بگھیو نے اپنے ابتدائی کلمات میں کہا کہ ”ادب اور اہل قلم کا پرامن معاشرے کے قیام میں کردار“ کے موضوع پر ملک کے چاروں صوبوں میں کانفرنسیں منعقد کی جا رہی ہیں۔ کانفرنس کا مقصد ادب کے ذریعے قیام امن کی فضا ہموار کرنا ہے۔ صدر محفل چیئرمین لاہور آرٹس کونسل عطاءالحق قاسمی نے کہا کہ لوگوں میں یہ بات غلط طور پر پھیلائی جا رہی ہے کہ آج کل کتابیں نہیں بکتیں اور کتابیں پڑھنے والے بہت کم رہ گئے ہیں۔ گذشتہ دنوں اسلام آباد میں نیشنل بک فا¶نڈیشن کے زیراہتمام ایک پانچ روزہ بک فیسٹیول ہوا۔ پانچ دنوں میں پونے 3 کروڑ روپے کی کتابیں فروخت ہوئیں۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف منیجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور ڈاکٹر حسن صہیب مراد نے کانفرنس کے شرکا کا شکریہ ادا کیا۔ کانفرنس کے پہلے روز تین ادبی اجلاس منعقد ہوئے ۔