لاہور پولیس نے ایپلی کیشنز ”گولڈن آور“ اور ”ٹول کٹ“ کا باقاعدہ آغاز کر دیا

لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے گزشتہ روزپولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں انویسٹی گیشن ونگ ، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور موبائل کمپنی کے تعاون سے تیار کی گئیں" ایپلیکیشنز، گولڈن آور " اور "ٹول کٹ" کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ جس کے تحت سنگین مقدمات میں جائے وقوعہ سے ایک گھنٹے کے اندر اندر تمام شہادتیں اکٹھی کرنے کے لیے 100سے زائد پولیس اہلکاروں کو باقاعدہ تربیتی کورس کرایا گیا ہے۔تقریب میں ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف، ایس ایس پی انویسٹی گیشن رانا ایاز سلیم، ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک بھی موجود تھے۔اس موقع پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن رانا ایاز سلیم نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ابتدا میں گولڈن آور پراجیکٹ کے تحت پانچ قسم کے جرائم کو شامل کیا گیا ہے جن میں بم دھماکہ، اغوا ءبرائے تاوان، قتل، ڈکیتی قتل اورزناءبالجبر کے مقدمات شامل ہیں۔ایسے واقعات میں انچارج انویسٹی گیشن ایک گھنٹے کے اندر اندر خود موقع پر پہنچ کر سب سے پہلے ایڈمنسٹریٹو ایکشن لیتے ہوئے کرائم سین کو کارڈن کرکے ٹیپ لگائے گا اور اس کے بعد فوری طور پر موقع سے مختلف قسم کی ضروری شہادتیں اکٹھی کرے گا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی سی پی او کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا کہ لاہور پولیس کی تمام پالیسیوں کا محور عام آدمی کے مسائل کا حل اور اسے انصاف کی فراہمی ہے جس کے لیے یہ تمام نئے پراجیکٹ شروع کیے جا رہے ہیں۔جس کے جلد مثبت نتائج سب کے سامنے ہونگے۔

ای پیپر دی نیشن