لاہور + اسلام آباد + پشاور (نامہ نگار + آن لائن + نوائے وقت رپورٹ) پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 35 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ اسلام آباد میں سرچ آپریشن کے دوران 34 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیاگیا ہے۔ سوات میں کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔ اس دوران پولیس نے 35 مشکوک افراد کو حراست میں لے کرتفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ ادھر اسلام آباد میں پولیس، رینجرز اور حساس اداروں نے ایکسپریس ہائی وے کے ملحقہ علاقوں میں مشترکہ سرچ آپریشن کرتے ہوئے 34 مشکوک افراد کو گرفتار کر لیا،گرفتار مشتبہ افراد سے بھاری مقدار میں اسلحہ بارود برآمد کر لیا گیا ہے۔ سرچ آپریشن کھنّہ ، پنڈوڑیاں ، غوری ٹاؤن میں کیا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار افراد کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ۔ ادھر سوات میں انسداد دہشت گردی یونٹ کی کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ابراہیم پر 2007ء میں مینگورہ میں سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کا الزام ہے جس کی فائرنگ سے 2 سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے۔