کوئٹہ (بیورو رپورٹ) آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن نے کہا ہے کہ صوبے میں بھائی سے بھائی کو لڑانے کی ہر سازش ناکام بنادی گئی ہے بلوچستا ن ہم سب کا گھر ہے سب ملکر اسکی تعمیر کریں گے۔ عوام کا سیکورٹی فورسز کے ساتھ تعاون اور اعتماد ہی ہماری کامیابی کاضامن ہے۔یہ بات انہوں نے بدھ کو نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کراچی کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ڈی آئی جی ایف سی بریگیڈیئرطاہر محمود نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فرنٹیئر کور اپنی بنیادی ذمہ داریوں یعنی افغانستان اور ایران کے ساتھ پاکستان کے سرحد کی نگرانی کے علاوہ اسلحہ ،منشیات اورانسانوں کی غیرقانونی نقل وحمل کو روکنے اور امن وامان کے قیام میں صوبائی حکومت کی مدد ، قومی اثاثوں، ترقیاتی منصوبوں اور اہم تنصیبات کی حفاظت کو بطریق احسن پورا کر رہی ہے۔ تعلیم ، صحت اور عوام کی فلاح وبہبود کے سلسلے میں بھی ایف سی بلوچستان قابل قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ فرنٹیئر کور کے زیر اہتمام 51 سکولز اور 7 کالجز بمعہ 9ہاسٹلز دوردراز علاقوں میں بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر رہے ہیں اسکے علاوہ صوبے میں زلزلہ اور سیلاب جیسے قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی بحالی میں بھی فرنٹیئر کور ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ وفد نے بلوچستان میں فرنٹیئر کور کے گرانقدر خدمات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بلوچستان میں امن وامان کے حالات دیکھ کہ بہت مطمئن ہوئے۔
بھائی کو بھائی سے لڑانے کی سازش ناکام بنا دی، بلوچستان کی سب ملکر تعمیر کرینگے: آئی جی ایف سی
May 12, 2016