کراچی (اسٹاف رپورٹر)کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں علما کرام اورکمیونٹی کے نمائندوں سے رابطہ کیا ہے جمعرات کو انھوں نے یونین کونسل گجرو ،گڈاپ ضلع شرقی میں واقع جنت گل اسپتال میں علما کرام والدین اور کمیونٹی کے نمائندوںسے ملاقات کی اور خطاب کیا ۔کمشنر کراچی نے کہا کہ انسداد پولیو قومی مقصد ہے اس سے بچوں کا مستقبل اورقوم کا وقار وابستہ ہے۔ دو ممالک پاکستان اور افغانستا ن کے علاوہ ساری دنیا سے پولیو کا خاتمہ ہو چکا ہے ۔ سب کے ساتھ مل کر کوشش کر رہے ہیں کہ پاکستان سے بھی جلد از جلد پولیو کا خاتمہ ہو اور پاکستان بھی دنیا میں پولیو سے پاک ممالک کی فہرست میں شامل ہو انھوں نے علما کرام کمیونٹی کے نمائندوں اور بچوں کے والدین سے دردمندانہ اپیل کی کہ وہ اس سلسلہ میں اپنابھر پور کر دار ادا کریں۔بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے کے لئے ضروری ہے کہ ملک سے پولیو وائرس کا مکمل خاتمہ ہو۔اس موقع پر مولانا حاجی عبد الرزاق نے کہا کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھیں گے،پاکستان پیڈیاٹرکس ایسو سی ایشن سندھ کے سیکریٹری خالد شفیع نے کہا کہ ملک کے تمام ماہرین اور ڈاکٹرز کی تنظیموں کی رائے ہے کہ یہ ویکسین سو فیصد محفوظ اور اعلیٰ معیار کی ہے۔
کمشنر کراچی
پاکستان کو پولیو فری بنانے میں علماءاور والدین تعاون کریں ‘ کمشنر کراچی
May 12, 2017