خیبر پی کے خسارے میں، پنجاب، سندھ، بلوچستان کے بجٹ سرپلس

May 12, 2017

لاہور (احسن صدیق) رواں مالی سال میں جولائی سے مارچ ( 9 ماہ) کے دوران 3 صوبوں پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بجٹ سرپلس رہے جبکہ خیبر پی کے کا بجٹ خسارے کا رہا ہے۔ وفاقی وزارت خزانہ کی چاروں صوبوں کی مالیاتی صورتحال کے بارے میں جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب کا بجٹ 85 ارب 35 کروڑ روپے سرپلس رہا پنجاب کی مجموعی آمدن 8 کھرب 8 ارب 39 کروڑ 80 لاکھ روپے رہی جبکہ اخراجات کا مجموعی حجم 7 کھرب 23 ارب 4 کروڑ 80 لاکھ روپے رہا۔ سندھ کا بجٹ 44 ارب 84 کروڑ 10 لاکھ سرپلس رہا۔ آ مدن کا مجموعی حجم 5 کھرب 32کروڑ 20 لاکھ روپے جبکہ مجموعی اخراجات کا حجم 4 کھرب 55 ارب 48 کروڑ 10 لاکھ روپے رہا۔ خیبر پی کے کا بجٹ 27 ارب 8 کروڑ 90 لاکھ روپے خسارے کا رہا کیونکہ خیبر پی کے حکومت نے مجموعی آمدن 2 کھرب 63 ارب 14 کروڑ 60 لاکھ روپے کے مقابلے میں 2 کھرب 90 ارب 23 کروڑ 50 لاکھ روپے کے اخراجات کئے۔ بلوچستان کا بجٹ 34 ارب 48 کروڑ 40 لاکھ روپے سرپلس رہا۔ مجموعی آمدن کا حجم ایک کھرب 64 ارب 25 کروڑ 90 لاکھ روپے رہا جبکہ مجموعی اخراجات کا حجم ایک کھرب 29 ارب 77 کروڑ 50 لاکھ روپے رہا۔
سرپلس

مزیدخبریں