حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں نرسنگ وارڈ کی انچارچ کی طرف سے ایک نرس کو مبینہ طور پر تھپڑ رسید کئے جانے کے خلاف نرسیں سراپا احتجاج بن گئیں۔ گذشتہ روز نرسنگ وارڈ کی انچارچ میڈم نسرین صبور نے مبینہ طور پر ایک نرس شمع عباس اعوان کو تھپڑ دے مارا جس پر نرسوں نے بازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندہ کراحتجاج کیا نعرہ بازی کرتے ہوئے انہوں نے میڈم نسرین صبور کی فوری معطلی اورتبدیلی کا مطالبہ کیا۔ نرسوں کا کہنا تھا کہ انچارج میڈم نسرین نے تھپڑ مار کر زیادتی کی جس کا ازالہ ہونا چاہئے ۔ اس دوران اسسٹنٹ کمشنر عمر فاروق وڑائچ نے ہسپتال پہنچ کر احتجاج کرنے والی نرسوں کو یقین دہانی کروائی کہ اس واقعہ کی صاف اور میرٹ پر انکوائری ہوگی جو بھی قصوروار پایا گیا اس کے خلاف سخت کاروائی ہوگی جس کے بعد نرسوں نے اپنا احتجاج ختم کردیا۔ دوسری جانب انچارچ نسرین نے تھپڑ مارنے کی تردید کی ہے۔