لاہور (خصوصی نامہ نگار) دفاع پاکستان کونسل و جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا ہے کہ نریندر مودی اعترافی دہشت گرد ہے، وہ ایک اور سانحہ 71ء دہرانا چاہتے ہیں۔ بھارت اپنے عزائم میں ناکامی پر پڑوسی ممالک کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے، حکومت کلبھوشن کی پھانسی پر کمزوری نہ دکھائے اور تجارت کی بجائے دنیا بھر میں بھارت کا دہشت گردانہ چہرہ واضح کرے۔ اپنے دریائوں کو آزاد کرانے کے لیے کشمیر کی آزادی ضروری ہے، سی پیک کی حفاظت بھی کشمیر سے جڑی ہوئی ہے۔ حکومت حافظ محمدسعید کی نظر بندی سے بی جے پی کی خوشنودی حاصل کرنے کی ناکام کوششیں کر رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں تکمیل پاکستان سیمینار سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیاجس میں معززین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سیمینار سے فلاح انسانیت فائونڈیشن پاکستان کے چیئرمین حافظ عبدالرئوف اور مسئول جماعۃ الدعوۃ کراچی ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے بھی خطاب کیا۔ حافظ عبدالرحمن مکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا تھا، آج اس کی نظریاتی شناخت مسخ کی جا رہی ہے۔ بانی پاکستان کی طرح کلمہ لا الہ الا اللہ کو نقطہ اتحاد بنایا جائے۔ فرقوں اور گروہوں میں تقسیم سے پاکستان مضبوط نہیں ہوگا، مشرقی پاکستان کا سقوط اسی سبب کے نتیجے میں ہوا تھا۔ حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا کہ بلوچستان میں بھارت کی سازشیں دم توڑ چکی ہیں۔ کشمیر کی تحریک آزادی فیصلہ کن موڑ میں داخل ہوچکی ہے، دختران کشمیر کا سڑکوں پر نکلنا تحریک آزادی کے زمانہ عروج کا واضح اظہار ہے۔ پاکستان کا اپنی لہلہاتی فصلوں کے لیے کشمیر کو آزاد کرانا ضروری ہوگیا ہے، کشمیر کی آزادی سے ہی پاکستان کی تکمیل ہوگی۔ فلاح انسانیت فائونڈیشن پاکستان کے چیئرمین حافظ عبدالرئوف نے ملٹی میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اپنے آپ کو محدود کرنے کی بجائے مظلوم افراد کی داد رسی کے لیے کردار ادا کریں۔ علاوہ ازیں حافظ عبدالرحمن مکی نے حافظ سعید نظربندی کیس کی سماعت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حافظ سعید اور دیگر رہنمائوں کو بھارتی دبائو پر نظربند کیا گیا۔ وہ لاہور میں اپنی رہائش پر دہلی کے قیدی ہیں۔ نظربند رکھنا انصاف کا قتل اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
نریندر مودی اعترافی دہشتگرد سانحہ 71ء دہرانا چاہتا ہے: عبدالرحمن مکی
May 12, 2017