استنبول / اسلام آباد (اے این این) پاکستان اور ترکی نے دفاعی معاہدوں پر دستخط کردئیے جس کے تحت دونوں ممالک مشترکہ طور پر بحری جنگی جہاز اور ہیلی کاپٹرز تیار کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق استنبول میں13ویں بین الاقوامی دفاعی صنعتی میلے کے موقع پر پاکستان اور ترکی نے ایک دفاعی معاہدے پر دستخط کردئیے ہیں، دونوں ممالک کے مابین بحری جنگی جہاز اور ہیلی کاپٹر بنانے کے 3 معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔ معاہدوں پر وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین اور ترکی کے وزیر دفاع نے دستخط کئے ہیں۔ معاہدوں کی رو سے پاکستان اور ترکی مشترکہ طور پر ٹی129ہیلی کاپٹر تیار کریں گے۔ ہیلی کاپٹرز کی مین اسمبلی لائن ایرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ میں لگائی جائے گی جبکہ دونوں ممالک چھوٹے بحری جنگی جہاز تیار کریں گے۔ یہ جنگی جہاز ریڈار پر بھی نظر نہیں آتے جبکہ ان جہازوں میں جدید ترین جی پی ایس سسٹم اور سنسر لگے ہوں گے ۔ یہ بحری جنگی جہاز اینٹی سرفس میزائل، اینٹی ائیر کرافٹ میزائل ، تار پیڈوز سے بھی لیس ہوں گے۔ معاہدے کی رو سے بحری جنگی جہاز کراچی شپنگ یارڈ میں تیار ہوں گے اور سی ہاک ہیلی کاپٹر بھی ائیر کرافٹ اپنے ساتھ رکھ سکے گا۔
پاکستان ترکی میں بحری جنگی جہازوں اور ہیلی کاپٹرز کی مشترکہ تیاری کے 3 معاہدے
May 12, 2017