ویمنز ایشیا کپ 15رکنی قومیٹیم کا اعلان بسمہ معروف قیادت کریںگی

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کی ویمنز سلیکشن کمیٹی نے اے سی سی ویمنز ایشیا کپ کے لئے پاکستان کی15رکنی ویمنز کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔چیف سلیکٹر سابق ٹیسٹ کرکٹر جلال الدین نے جمعہ کو کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران ٹیم کا اعلان کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کا انتخاب حالیہ منعقد ہونے والے ٹی20ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی پرفارمنس کے بعد کیا گیا ہے ،جن کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں جگہ دی گئی ہے ان کے سابق انٹر نیشنل تجربے کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے ان کے علاوہ بھی کئی با صلاحیت کھلاڑی ہماری نظروں میں ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ میں پاکستان کا مقابلہ بھارت اور سری لنکا سے سخت ہوگا ،میں سمجھتاہوں کہ کھلاڑیوں کے پاس موقع ہے کہ وہ بھارت کے خلاف عمدہ کھیل پیش کر کے اپنے آپ کو منوا سکتی ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ کے لئے پاکستان کی ویمنز کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ ملائشیا میں بھی لگانے کا پلان ہے ۔اعلان کردہ کھلاڑیوں میں بسمہ معروف (کپتان )،منیبہ علی صدیقی،بی بی ناہیدہ،جویریہ رئوف،نین فاطمہ عابدی،عمیمہ سہیل،جویریہ ودود،سدرہ نواز،نداراشد،کائنات امتیاز،ثنا میر،نشرح سندھو،انعم امین ،نتالیہ پرویز اور ڈائنا بیگ شامل ہیں ۔ریزرو کھلاڑیوں میں فریحہ محمود،ریمن شمیم ،فضیلہ اخلاق اور عالیہ ریاض کو رکھا گیا ہے ۔ویمنز ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ملائشیا میں 3سے10جون تک کھیلا جائے گا جس میں میزبان ملائشیا کے علاوہ پاکستان ،بھارت ،بنگلہ دیش ،سری لنکا اور تھائی لینڈ بھی شامل ہیں ۔

ای پیپر دی نیشن