اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر دفاع خرم دستگیر خان کو وزیرِ خارجہ کا اضافی قلمدان بھی سونپ دیا گیا ہے۔ وہ موجودہ حکومت کی رواں ماہ مدت پوری ہونے تک یہ قلمدان سنبھالیں گے۔ واضح رہے کہ 26 اپریل کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کو قومی اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دے دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق خرم دستگیر کو اس لئے وزارت خارجہ کا اضافی چارج دیا گیا ہے کہ وزیر دفاع کی حثییت سے انہیں خارجہ پالیسی کے مختلف مسائل سے کما حقہ آگاہی حاصل ہوئی اور وہ نواز شریف کے سخت سیاسی بیانیہ سے متفق بھی ہیں۔ دفاع اور خارجہ امور کے وفاقی وزیر خرم دستگیر خان اور سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ پیر کے روز سینیٹ کو پاک امریکہ تعلقات کی تازہ کشیدگی کے بارے میں بریفنگ دیں گے۔ وزارت خارجہ کا چارج ملنے کے بعد انجینئر خرم دستگیر خان پارلیمنٹ کے کسی ایوان کے سامنے خارجہ پالیسی پر پہلا بیان ہوگا۔ دریں اثناءوفاقی وزیر برائے جہاز رانی میر حاصل بزنجو نے گزشتہ روز وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیرخان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران قومی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر برائے میری ٹائم افیئرز نے میری ٹائم شعبہ خصوصاً ملک میں جہازرانی اور بندر گاہوں کی ترقی کے بارے میں کامیابیوں اور فروغ کو اجاگر کیا۔وفاقی وزیر دفاع نے گوادر بندرگاہ کے انفراسٹرکچر کی ترقی کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کی مختلف بندرگاہوں کی ترقی میں سرمایہ کاری بڑی اہم ہے۔ انہوں نے میری ٹائم شعبہ میں مختلف منصوبہ جات پرکامیابی سے عملدرآمد کے لیے وزارت میری ٹائم افیئرز کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔
خرم دستگیر