پشاور (این این آئی) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ اے این پی جمہوریت کی بالادستی پر یقین رکھنے والی جماعت ہے اور مستحکم ملک و جمہوری استحکام کیلئے کبھی کسی غیرجمہوری قوت کا ساتھ نہیں دیا،12مئی 2007ء کوکراچی سانحے کے حوالے سے اے این پی سیکرٹریٹ سے جاری ایک بیان میں پارٹی کے مرکزی صدر نے کہا کہ اے این پی نے ہمیشہ امن کی خاطر جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 12مئی کونہتے کارکنوں کی جانیں لینے والوں کے چہرے بے نقاب ہو چکے تھے تاہم افسوس کا مقام ہے کہ آج تک ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ کے اس سیاہ دن پر اے این پی کے جن کارکنوں نے قربانی دی ان جام شہادت نوش کرنے والے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ معصوم انسانی جانوںکے ذریعے سیاسی ایجنڈے کی تکمیل میں مصروف وطن دشمنوں کا سیاست سے تعلق نہیں ہے ۔اسفندیار ولی خان نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہو کر اٹھ کھڑی ہو تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک مضبوط اور مستحکم ملک منتقل کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی کی قربانیاںکسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور تاریخ گواہ ہے کہ خطے میں امن کی بحالی کیلئے اے این پی کے عظیم رہنماؤں ، ایم پی ایز اور کارکنوں نے قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری نظام کے بغیر کوئی نظام نہیں چل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان قوتوں کو باور کرانا چاہتے ہیں جنہوں نے 12مئی کے سانحے میں قاتلوں کا ساتھ دیا کہ وہ کبھی عوام کا سامنا نہیں کر سکیں گے ۔