ملتان (محمد نوید شاہ سے+ سپیشل رپورٹر) ٭مسلم لیگ’’ن‘‘ نے بھرپور پاور شو کیا ٭جلسہ گاہ میں انتظامات کو جلسہ شروع ہونے سے ایک گھنٹہ قبل تک فائنل کیا جاتا رہا ٭جلسہ گاہ تک جانے والے شرکاء کی سخت چیکنگ کی جاتی رہی ٭ملتان کا درجہ حرارت بھی عروج پر رہا ٭جلسہ گاہ میں نماز عصر کے بعد ہی سے عوام آنا شروع ہو گئے۔ مریم نواز پہلی بار جلسے کیلئے ملتان آئیں ٭شہر کے داخلی اور خارجی راستوں چوکوں اور چوراہوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا ٭کارکن قائدین کی قد آدم تصاویر پوسٹرز اور بینرز اٹھائے مسلسل میاں تیرے جانثار بے شمار بے شمار کی نعرے بازی بھی کرتے رہے ٭قادر پور راں‘ شجاع آباد سے شریک دو متوالے پارٹی پرچم کا لباس پہن کر شریک ہوئے ٭سٹیڈیم میں مغرب سے قبل ہی عوام کی بڑی تعداد جمع ہو گئی جس کے بعد کرسیاں کم پڑ گئیں ٭سابق صوبائی وزیر حاجی احسان الدین قریشی نے سرخ رنگ کی بڑی پگڑی اور پھولوں کی مالا پہنی ہوئی تھی جس پر انہیں تقریب کا دولہا بھی قرار دیا گیا ٭مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے رہنما عبدالرحمن فری دس تولے کا سونے کا تاج لیکر پنڈال میں پہنچ گئے۔ بعدازاں انہوں نے یہ تاج مریم نواز کو پہنا دیا ٭ملتان کے نوجوان ایک مخصوص کالے رنگ کی ٹی شرٹ پہن کر آ گئے 10 نوجوانوں پر مشتمل اس گروپ کے فرنٹ پر آئی لو یو نواز شریف جبکہ… ووٹ کو عزت دو لکھا ہوا تھا ٭مغرب کے بعد اچانک تیز ہوائیں چلنا شروع ہو گئیں جس سے موسم خوشگوار ہو گیا اور عوام نیسکھ کا سانس لیا ٭سابق صوبائی وزیر چودھری وحید ارائیں نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیئے ٭تلاوت کا شرف حاجی ارشد بوٹا نے حاصل کیا جبکہ ہدیہ نعت ضلعی صدر مسلم لیگ ن محمد بلال بٹ نے کیا ٭سٹیج پر بڑی سکرین لگا کر مختلف ڈرون کیمروں کے ذریعے پنڈال میں جلسہ کی کوریج کی جاتی رہی ٭نہال ہاشمی سزا کے بعد پہلی مرتبہ مسلم لیگ ن کے جلسہ میں شریک ہوئے ٭مریم نواز نے بلٹ پروف شیشہ ہٹوا دیا، تقریر کا آغاز سرائیکی زبان میں کیا ٭مریم نواز نے اپنی تقریر کا اختتام شاکر شجاع آباد کے سرائیکی شعر کو سرائیکی لب و لہجہ میں پڑھ کر کیا ٭جلسہ گاہ میں دو افراد اس میں گر کر بے ہوش ہو گئے ٭سینئر لیگی رہنما و یوسی چیئرمین شیخ ندیم اکبرنے قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف کو 20 تولے سونے کا ہار پہنایا ٭نوازشریف کی ملتان آمد سے قبل شہر بھر میں گہما گہمی اپنے عروج پر رہی۔ مختلف چوکوں شاہراہ اور علاقوں سے مختلف ٹولیوں کی شکل میں کارکن شہر میں قائدین کے پوسٹرز اور بینرز اٹھائے پھرتے رہے۔ اس دوران ملتان‘ شجاع آباد‘ جلالپور‘ قادر پور راں‘ بند بوسن‘ مظفر آباد‘ مخدوم رشید سمیت دیگر علاقوں سے بسیں ویگنیں کاریں اور دیگر ٹرانسپورٹ پر عوام پنڈال پہنچتے رہے۔ کارکنان ڈھول کی تھاپ پر والہانہ رقص کرتے رہے اس دوران کارکنان آیا آیا شیر آیا‘ شیر اک وار فیر‘ ووٹ کو عزت دو‘‘ جیسے فلک شگاف نعرے بھی لگاتے رہے ٭مسلم لیگ ن کے رہنما رانا بابر حسین جن کا حال ہی میں دل کا بائی پاس آپریشن ہوا ہے، ایمبولینس میں کارڈیالوجی سنٹر سے جلسہ گاہ پہنچ گئے۔