پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا کا توڑ، مارکیٹنگ کا معیار بہتر بنانے کی ضرورت ہے : ترک سفیر

May 12, 2018

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان میں ترکی کے سفیر مصطفی یورداکل نے کہا ہے کہ دونوں برادر اسلامی ملک صدیوں پرانے مذہبی، ثقافتی اور تجارتی بندھن میں بندھے ہوئے ہیں،دونوں ممالک کے مابین تعلقات ہر آنے والے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں۔یہ بات انہوں نے ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفر بلورسے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر عاطف اکرام شیخ، چیئرمین کو آرڈینیشن ملک سہیل اور آمنہ ملک بھی موجود تھیں۔ ترک سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کی حکومتیں اور کاروباری برادری تجارت بڑھانے کیلئے اپنی بھرپور کوشش کریں، پاکستان کے خلاف پراپیگنڈے کا توڑ کیا جائے جبکہ مارکیٹنگ کا معیار بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان اورافغانستان تعلقات بہتر بنائیں جس سے اس خطے کی اہمیت بڑھے گی جبکہ پاکستان اور ترکی مل کر عالم اسلام کو موجودہ مسائل سے نکالنے کیلئے اپنا قائدانہ کردار ادا کریں۔ اس موقع پرایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفر بلور نے کہا کہ انکا ادارہ ترکی میں پاکستانی مصنوعات کی نمائش منعقد کروائے گا جس سے تجارتی تعلقات بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترک سفیر پاکستانی مصنوعات اپنے ملک میں روشناس کروائیں اور ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان کے توانائی آئل اینڈ گیس، لیدر اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات سے آگاہ کریں۔

مزیدخبریں