ہرات (آئی این پی، آن لائن) طالبان نے صوبہ فرح میں 2 پولیس چیک پوسٹوں پر حملے کرکے 34 اہلکاروں کو ہلاک کر دیا۔ فرح صوبائی کونسل کے سربراہ فرید بختاور نے بتایا کہ ضلع بالا بلوک میں طالبان نے چیک پوسٹ پر حملہ کرکے 23 اہلکاروں کو مار دیا اور 3 کو زخمی کر دیا۔ فرح سٹی میں بھی طالبان نے 11 پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا اور بڑی تعداد میں اسلحہ چھین لیا۔ دریں اثنا مشرقی صوبے لغمان میں افغان فوج سے جھڑپ میں 12 طالبان مارے گئے۔ افغان میڈیا کے مطابق گورنر لغمان کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ کارروائی ضلع النگر میں کی گئی تھی۔ مارے جانے والوں میں 2 اہم طالبان کمانڈر بھی شامل ہیں جن میں سے ایک کی شناخت محب اللہ کے نام سے ہوئی جو خیبر کے نام سے مشہور تھا۔ کارروائی کے دوران ایک شخص کوگرفتار بھی کیا گیا جبکہ طالبان کا اسلحہ ڈپو بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔
افغانستان :طالبان کے 2 چیک پوسٹوں پرحملے ،34 پولیس اہلکارہلاک
May 12, 2018