لاہور (نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ سپیشل آپریشن یونٹ پنجاب پولیس کی جدید تربیت یافتہ بہترین فورس ہے جس کا ہر سپاہی مشکل سے مشکل حالات میں بھی ہر طرح کے آپریشنز کو کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل آپریشن یونٹ میں پنجاب کے تمام اضلاع سے ایسے جوانوں کو منتخب کیا گیا ہے جو دہشت گرد اور سماج دشمن عناصرکے خلاف بہترین صلاحیتوں کا ثبوت دینے میں کامیاب رہے ہیں، اس فورس کے قیام کا مقصد کچہ کے آپریشن جیسے مشکل اور دشوار گزار علاقوں میں موجود جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کرنا ہے تاکہ ہر طرح کے حالات میں عوام کے جان و مال کو بھرپور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ایلیٹ ٹریننگ سنٹر بیدیاں میں سپیشل آپریشن یونٹ کے دستے میں شامل جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آئی جی نے ایلیٹ ٹریننگ سینٹر کے دورے کے دوران سپیشل آپریشن یونٹ کے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کا معائنہ کیا، جوانوں نے موک ایکسرسائز سمیت نشانہ بازی اور دیگر پروفیشنل مہارتوں کا عملی مظاہرہ کیا جس پرآئی جی پنجاب نے بہترین کارکردگی کے حامل آٹھ جوانوں کو نقد انعامات سے نوازا جن میں امتیاز کو 10 ہزار اور قاسم کو 08 ہزار جبکہ امجد، شمس الحق، شرافت اور ندیم کو پانچ پانچ ہزار کیش انعامات دیئے گئے۔ آئی جی پنجاب نے سپیشل آپریشن یونٹ کے معائنہ کے بعد ایلیٹ ٹریننگ سکول بیدیاں میں ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ شاہد حنیف، ڈی آئی جی ٹریننگ افضل محمود بٹ، کمانڈنٹ ایلیٹ ٹریننگ سکول کرنل پرویز اور ڈائریکٹر آپریشن ایلیٹ ٹریننگ سکول کرنل سعد سمیت دیگر افسران اور ٹرینرز سے بھی ملاقات کی اور دیگر زیر تربیت جوانوں کی ٹریننگ اور سہولیات کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔
سپیشل آپریشن یونٹ پنجاب کی تربیت یافتہ بہترین فورس ہے:عارف نواز
May 12, 2018