لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت آئی ایم ایف سے معاہدے کرکے ملک کو عملاً گروی رکھنے جارہی ہے اور قومی خزانے کی چابیاں آئی ایم ایف کے حوالے کی جا رہی ہیں ۔آج ملک کی سب سے اہم وزارت آئی ایم ایف کے پٹواریوں کے ہاتھ میں ہے ۔ حکومت حقائق کی بجائے خواہشات کی بنیاد پر فیصلے کررہی ہے۔ حکومت نے 8 ارب ڈالر کی لمبی زنجیر عوام کے ہاتھوں میں ڈال دی ہے ۔سپر ٹیکس لگانے اور جی ایس ٹی بڑھانے سے معیشت اور بھی بیٹھ جائے گی۔جہاں نالائقی اور تکبر ایک ہوجائیں وہاں تباہی یقینی ہوتی ہے ۔قدرت کسی پر ظلم نہیں کرتی ،اللہ نے ہر انسان کو ترقی کے مساوی مواقع دیئے ہیں ،ہر انسان کے پاس 12ماہ ،چوبیس گھنٹے اور تین سو پینسٹھ دن ہوتے ہیں لیکن کچھ اپنی نالائقی کی وجہ سے ناکام ہوجاتے ہیں اور کچھ وقت کا درست استعمال کرکے کامیابیاں سمیٹ لیتے ہیں۔حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو اب تک ایک ٹریلین روپے کا نقصان ہوچکا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ستارہ مارکیٹ گرائونڈ اسلام آباد میں شہریوں کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر اور سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب سے امیر العظیم ، نائب امیر لیاقت بلوچ اور میاں محمد اسلم نے بھی خطاب کیا۔
خزانے کی چابیاں آئی ایم ایف کے حوالے کی جا رہی ہیں: سراج الحق
May 12, 2019