پاکستان کرکٹ بورڈ نے جونیئر سلیکشن کمیٹی کو فارغ کر دیا

May 12, 2019

لاہور(نمائندہ سپورٹس )پاکستان کرکٹ بورڈ نے جونیئر سلیکشن کمیٹی کو فارغ کر دیا۔باسط علی کی سربراہی میں کام کرنے والی جونیئر سلیکشن کمیٹی کا معاہدہ 5 مئی تک کا تھا۔ جس کی مدت پوری ہونے کے بعد اس معاہدے میں توسیع نہیں کی گئی جبکہ پی سی بی اگلے ماہ نئی جونیئر سلیکشن کمیٹی کا انتخاب کرے گا۔باسط علی کے علاوہ فرخ زمان، عامر نذیر، علی ضیا اور ثنااللہ بلوچ جونیئر سلیکشن کمیٹی کے ممبران میں شامل تھے۔انضمام الحق کی سربراہی میں کام کرنے والی قومی سینئر سلیکشن کمیٹی کا معاہدہ 25 اپریل تک تھا لیکن ان کے اراکین کے معاہدوں میں جولائی کے وسط تک توسیع کردی گئی تھی۔پاکستان کرکٹ بورڈ میں بغاوت جاری ہے۔ پی سی بی کے 5 ارکان کی جانب سے گزشتہ ماہ ایم ڈی وسیم خان کی تعیناتی کو مسترد کردیا گیا تھا۔ جس کے بعد پی سی بی نے نعمان بٹ کو غیر معینہ مدت تک کے لیے بطور گورننگ بورڈ ممبر معطل کر دیا تھا۔ نعمان بٹ پر حساس دستاویزات میڈیا سے شیئر کرنے کا الزام تھا۔سابق کپتان اور کرکٹ کمیٹی کے رکن وسیم اکرم نے پی سی بی گورننگ بورڈ کے اجلاس میں ہونے والی بغاوت کو جگ ہنسائی کا سبب قرار دیا تھا۔ ڈائریکٹر اکیڈمیز ، گیم ڈویلپمنٹ مدثر نذر سمیت کئی ملازمین کو کنٹریکٹ میں توسیع کے لیٹر جاری کردیئے گئے ہیں۔ مدثر نذر کیساتھ ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز ہارون رشید کے معاہدے میں بھی ایک سال کی توسیع کردی گئی ہے۔ معاہدے میں توسیع پانے والے دوسرے ملازمین میں علی ضیا ، خیام قیصر ، کرنل (ر)اشفاق احمد ، شفیق پاپا ،آغا زاہد شامل ہیں۔

مزیدخبریں