لاہور (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمدکہتے ہیں کہ اسد عمر بہت جلد کابینہ کا حصہ ہوں گے،جہانگیر ترین کام کے آدمی ہیں لیکن وہ ضائع ہو چکے، وہ عدالتی فیصلے پر ایل بی ڈبلیو ہو چکے ہیں۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرریلوے کا کہنا تھا کہ عمران خان کو تباہ شدہ حال میں معیشت ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کل وزیر اعظم عمران خان کو کہا ہے کہ آج کے حالات آصف زرداری، نواز شریف اور شہباز شریف کی وجہ سے ہیں، گینگ آف فور نے اس ملک کو نوچا ہے۔ان لوگوں نے گدھوں کی طرح خزانہ کو نوچا ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چار دفعہ وزیر اعظم بننے والے نواز شریف کو جیل چھوڑنے 400 بندے گئے، ان کا مطالبہ ہے کہ لندن جانا ہے، یہ فرشتوں کے ساتھ بھی ڈیل کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان 15مئی کوسرسید ایکسپریس کا افتتاح کریں گے، اگر کرایہ بڑھایا تو اکانومی کے کرایوں میں 50 فیصداضافہ ہو گا۔ ہماری کوشش ہے ریلوے کے مزدوروں کو ہیلتھ کارڈ مل جائے، سرکلر ریلوے پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر 15 روز میں عملدرآمد کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سرکلر ریلوے پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے ہر ممکن کوشش ہو گی، حکومتِ سندھ کے ساتھ ہرممکن تعاون کیا جائے گا، ریلوے کی نجکاری نہیں کی جا رہی۔ انہوں نے کہا عمران خان کے بچوں اور نواز شریف کے بچوں میں فرق ہے، عمران خان کی بیوی ملک میں ہے۔ریلوے کرایوں میں اضافے کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ ڈیزل مہنگا ہونے سے ریلوے پر ایک ارب روپے کا بوجھ بڑھ گیا ، اس لئے کرائے ناموں میں اضافے ناگریز ہیں ، اکانومی کلاس کا 50 روپے تک کرایہ بڑھائیں گے۔ آئی ایم ایف سے معاہدے کا بوجھ ہمیشہ عوام پر ہی پڑتا ہے اور اس بار پر آئی ایم ایف کا بوجھ عام آدمی ہی برداشت کرے گا تاہم وزیر اعظم نے پیر کو آئی ایم ایف پر اجلاس طلب کیا ہے۔ انہوں نے شہباز شریف کے حوالے سے کہا کہ میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ اس کی گوٹی فٹ ہو رہی ہے ایک نس گیا اور دوسرا پھنس گیا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام با شعور ہیں اور انہیںمعلوم ہے کہ عمران خان کی کچھ مجبوریاں ہیں ، عمران خان کو تباہ حال معیشت ملی ہے ، عمران خان نے ڈلیور کرنے کے لئے ایسے ایسے لوگ تبدیل کئے ہیں جو ان کے بہت قریبی تھے ۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان کے بچوں اور ان کے بچوں کا کیس الگ ہے ، عمران خان کے بچوںنے ان کے بچوں کی طرح سرنگ نہیں لگائی یہ تو پیدا ہوئے تو انہیں چوری کے اربوں روپے جہیز میں ملے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جو آدمی شام کو ٹی وی پر زیادہ چیخ رہا ہو سمجھے وہ نیب کا خام مال ہے اور شاہد خاقان عباسی بھی ایل این جی کیس میں نیب کا خام مال ہے او ران کی کوشش ہے کہ بچ جائیں ۔