70 برس کی خرابیاں ٹھیک کر رہے ہیں، مشکل وقت عارضی جلد ختم ہو جائیگا: عثمان بزدار

لاہور ( نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کی 70 برس کی خرابیوں کو ٹھیک کر رہی ہے،مشکل وقت عارضی ہے، جو جلد ختم ہو جائے گا، تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کی پائیدار ترقی کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے، 9 ماہ کے دوران ملک کی سمت درست کرنے کے لئے بے پناہ محنت سے کام کیا گیا ہے، ایک لمحہ ضائع کئے بغیر آگے بڑھ رہے ہیں، ماضی کی حکومتوں کی طرح بلند و بانگ دعوے نہیں کئے بلکہ ہم نے عوام کی خدمت کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں، مایوس عناصر کی منفی سیاست 22 کروڑ عوام پہچان چکے ہیں ،لوٹ مار کی سیاست کا دور گزر چکا ہے، اب شفاف قیادت اور شفاف حکومت ہے۔ وہ مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر توجہ دینے کی بجائے نمائشی پراجیکٹس بنائے گئے۔سابق دور کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ ا۔ سابق حکمرانوں نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں منصوبے شروع کرکے انہیں بروقت مکمل نہیں کیا ۔ ماضی میں فلاح عامہ کے بے شمار منصوبوں کو سردخانے میں ڈال کر مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا گیا ۔ عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو نظرانداز کر نے والوں کو جوابدہ ہونا ہوگا۔ عثمان بزدار نے ماں سے محبت کے اظہار کے عالمی دن پر کہا ہے کہ ماں جیسی عظیم ہستی اللہ تعالیٰ کی انمول نعمت ہے اور بلاشبہ ماں سچے جذبے اور صادق رشتے کا نام ہے، ماں جیسے بے لوث رشتے کا کائنات میں کوئی نعم البدل نہیں، ماں کی گود بچے کی پہلی درس گاہ ہوتی ہے۔ سردار عثمان بزدارنے ملتان کے علاقے غلہ منڈی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم پر حملے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ملتان سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور حملہ کرنے والے ملزموں کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں گندم خریداری مہم چینی کی طلب و رسد اور قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ گندم خریداری کا ہدف ہر صورت پورا کیا جائے اور گندم خریداری مہم کے دوران کاشتکاروں کو ہر طرح کی سہولت فراہم کی جائے۔ عثمان بزدار نے صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن