پاکستان اقتصادی اعتبار سے مشکل ترین دورسے گزررہا ہے:لیاقت بلوچ

May 12, 2019

لاہور ( سپیشل رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے گلبرگ میں عوامی افطاری پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان اقتصادی اعتبار سے انتہائی مشکل دور سے گزر رہاہے ۔ قومی شرح نمو 9سال کی پست ترین سطح 3.29 فیصد پر آگئی ہے ۔ آئی ایم ایف شرائط ، قرضوں اور سود کا بوجھ ، پیداواری لاگت میں ہوشربا اضافہ شرح نمو کو بڑھنے نہیں دے گا ۔ غریب عوام پر ناقابل برداشت بوجھ میں مزید اضافہ ہوگا ۔ عمران خان کی تبدیلی عوام کے لیے خوفناک خواب بن گئی ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کر رہاہے ۔ کشمیری بھارتی قابض فوج کے مقابلہ میں ناقابل تسخیر چٹان بن گئے ہیں ۔ دوسری طرف بھارت کی پاکستان کے خلاف آبی جارحیت زوروں پر ہے ۔ بھارت نے ہی سازش کے تحت ڈیموں کی متنازعہ تعمیر کرائی اور یہ قومی معیشت کے لیے جان لیوا بن گئی ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت مسئلہ کشمیر اور بھارتی آبی جارحیت کے مقابلہ میں واضح دوٹوک پالیسی بنائے ۔ لیاقت بلوچ نے داتادربار خود کش دھماکے اور دہشتگردی کے شکار ایک اور پولیس اہلکار کی شہادت پر دکھ اور صدمہ کا اظہار کیاہے ۔

مزیدخبریں