ٹیکس مشینری میںاصلاحات کی کوششیں مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام ثابت ہوئی: کاشف اشفاق

May 12, 2019

لاہور (کامرس رپورٹر)پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے نان ٹیکس فائلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لئے موجودہ ٹیکس قوانین میں نتیجہ خیز اصلاحات متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ایف سی فرسودہ ٹیکس بیس میں توسیع اور ٹیکس مشینری کی اصلاح کیلئے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد تجاویز پیش کرے گی۔ ہفتہ کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ ٹیکس مشینری میںاصلاحات کی تمام کوششیں مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام ثابت ہوئی ہیں۔ کاروباری برادری نے ٹیکس اصلاحات کے لیے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو جو تجاویز پیش کی تھیں انہیں سرد خانے میں ڈال دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پی سی ایف کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد جلد مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ سے ملاقات کرکے ٹیکس بیس میں اصلاحات کیلئے تجاویز پیش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس اصلاحات کا بڑا مقصد ٹیکس سٹرکچر میں بہتری، ان ڈائریکٹ ٹیکسوں مثلاً امپورٹ ڈیوٹی اور سنٹرل ایکسائز ڈیوٹی پر انحصار کم کرنا اور براہ راست ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ 1990 میں کل ٹیکس وصولیوں میں ان ڈائریکٹ ٹیکسوں کا حصہ 80 فی صد سے زیادہ تھا اور مسلسل کمی کے باوجود یہ اب بھی 60 فی صد سے زائد ہے۔

مزیدخبریں