اسلام آباد(خبر نگار)چیئرمین این ایچ اے نے ٹیولپ ہوٹل کے امور میں غفلت برتنے اور ہوٹل کے مالکان کے عدالت سے رجوع کرنے کی وجہ سے این ایچ اے کو ہونے والے نقصان کا سخت نوٹس لیا اورمعاملات کو بہتر انداز میں نمٹانے کی ہدایت کی۔چیئرمین این ایچ اے نے کہاکہ اتھارٹی کو مالی نقصان پہنچانے جیسے امور کو ہر گز برداشت نہیں کیاجائے گا اور ایسے اہلکاروں کے خلاف ضابطہ کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی جواد رفیق ملک کی زیر صدارت اتھارٹی کے مرکزی دفتر میں ایک اہم اجلاس ہوا،جس میں اتھارٹی کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے اہم فیصلے کئے گئے۔اجلاس میں این ایچ اے کے ممبرز اور جنرل منیجرز نے شرکت کی۔ جواد رفیق ملک نے اتھارٹی کے لیگل بیورو کی ناقص کار کردگی پر سخت برہمی کااظہار کیا اور اس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے فوری اصلاحات تحویز کرنے کی ہدایت کی۔انہو ںنے کہا کہ ڈائریکٹر لیگل، بیورو کے سربراہ کی حیثیت سے چیئرمین این ایچ اے کو براہ راست رپورٹ کرے گا اور اتھارٹی کے تمام قانونی معاملات کی خود نگرانی کرے گا۔اجلاس میںناقص کارکردگی کی وجہ سے لیگل ایڈوائزرز اورنگ زیب اسد ایڈووکیٹ اور ظہیر احمد قادری کو برطرف کر دیا گیا۔اجلاس میں این ایچ اے کے ممبر ویسٹ زون کوئٹہ طفیل احمد شیخ کو او ایس ڈی بنا دیا گیا اور انہیں ایڈمنسٹریشن ونگ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ا ن کی جگہ شاہد احسان اللہ کو ممبر ویسٹ زون کوئٹہ تعینات کیا گیا ہے،جو بلوچستان میں اتھارٹی کے تعمیر ی اور انتظامی امو رکی ذمہ داری سرانجام دیں گے۔
ٹیولپ ہوٹل کے امور میں غفلت برتنے پر چیئرمین این ایچ اے کا نوٹس
May 12, 2019