سردار عتیق نے وزیراعظم آزادکشمیر کی آڈیولیکس کو انتہائی شرمناک اور قابل مذمت قرار د یدیا

مظفرآباد (صباح نیوز)قائد آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی آڈیولیکس کو انتہائی شرمناک اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے 13مئی سے آزادکشمیر بھر میں عزت بچائو تحریک کا اعلان کردیا۔تمام ضلعی وتحصیل ہیڈکوارٹرز اور پریس کلبوں کے سامنے خواتین کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر وزیراعظم کے خلاف احتجاج مظاہرے کیے جائیں گے۔فاروق حیدر فوری طورپر مستعفی ہوکر قوم سے معافی مانگیں اور اپنا بوریا بستر گول کریں۔شہباز شریف فاروق حیدر کو صدارت سے فارغ کر کے پاکستان طرز پر نائب صدور وں کا اعلان کریں۔آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن کا قیام نظریاتی دہشتگردی کے لیے تھا وقت نے ثابت کیا کہ یہ بات درست ثابت ہوئی۔گزشتہ روز سینٹرل پریس کلب میں سابق سینئر بیوروکریٹ اور کالم نگار سردار سلیم چغتائی کی مسلم کانفرنس میں شمولیت کے اعلان کے موقع پر پرہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد نے کہا کہ سردار سلیم چغتائی ایک موثر شخصیت ہیں جن کی شمولیت سے پارٹی کو فائدہ ہوگا۔انہیں خوش آمدید کہتا ہوں،سردار سلیم کا شامل ہونا مسلم کانفرنس کے لیے نیک شگون ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس نے کشمیری عوام کو جمہوری شعور دیا ۔گلگت بلتستان کو آزادی دلوائی،قرارداد الحاق پاکستان پیش کر کے کشمیریوں کو ان کے مستقبل کے فیصلے کا حق دیا۔لارڈ مائونٹ بیٹن سے لے کر آج تک مسلم کانفرنس کی حیثیت مسلمہ ہے آج مقبوضہ کشمیر میں الحاق پاکستان کے حامی اور خود مختار پاکستان کے حامی دونوں ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم اٹھاکر کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگارہے ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ جلد وزیراعظم آزادکشمیر کی دیگر آڈیولیکس منظر عام پر آئیں گی جس میں وہ خواجہ فاروق اور حنیف اعوان کے ساتھ گفتگو میںنہایت شرمناک انداز اپنائے ہوئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن