لاہور( سپورٹس رپورٹر)سابق قومی بیٹسمین باسط علی نے پی سی بی اور انگلش بورڈ سے سابق لیگ سپنر دانش کنیریا پر عائد پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے یو ٹیوب ویڈیو میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کھلاڑیوں کی روزی روٹی ہے لہٰذا آئی سی سی کو بھی چاہئے کہ وہ اس معاملے کا دوبارہ جائزہ لے۔ انہوں نے کہا کہ دانش کنیریا پر تاحیات پابندی کے معاملے میں پی سی بی نے کردار ادا نہیں کیا حالانکہ سابق سپنر ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں لہٰذا بورڈ کی جانب سے انہیں تعاون ملنا چاہئے تھا تاہم بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوا۔اس موقع پر دانش کنیریا نے ایک مرتبہ پھر وضاحت کی کہ وہ اپنی پابندی کے معاملے پر مذہبی تفریق کو درمیان میں کبھی نہیں لائے کیونکہ وہ آج جو کچھ بھی ہیں وہ پاکستان کی وجہ سے ہیں اور کرکٹ بورڈ سے اپنا حق مانگ رہے ہیں۔